بنگلورو، 21/نومبر (ایس او نیوز /پریس ریلیز) بنگلورو میں منعقد ہونے والے آ ل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے انتیسویں اجلاس عام کے سلسلے میں مجلس استقبالیہ برائے اجلاس عام کی جانب سے بنگلور وپریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد فضل الرحیم مجددی صاحب اور بورڈ کے سکریٹری حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے خطاب فرمایا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ کے ذمہ داران نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے وقف ترمیمی بل 2024ء کے نام سے جو بل پیش کیا ہے وہ اپنے مشمولات کے اعتبار سے نقصاندہ ہے، اسی لیے بورڈ سمیت تمام ملی تنظیموں اور جماعتوں نے اسکو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بورڈ کی ایک آواز پر تقریباً پونے چار کڑور ای میل جوائن پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے گئے، جن کے ذریعے یہ بات واضح ہوگئی کہ مسلمانان ہند کو یہ وقف ترمیمی بل کسی بھی قیمت پر منظور نہیں ہے۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ملک کے مختلف حصوں میں اجلاس عام بھی منعقد کرتا ہے، اب تک بورڈ کے اٹھائیس اجلاس ہوچکے ہیں، جن میں بڑے اہم فیصلہ لئے گئے، جن میں ملک و ملت کی رہنمائی کی گئی، بورڈ کا انتیسواں اجلاس عام 23- 24 نومبر 2024ء بروز سنیچر و اتوار کو صوبہ کرناٹک کے عظیم ترین دینی درسگاہ دارالعلوم سبیل الرشاد میں منعقد کیا جارہا ہے، ان دو دنوں میں بورڈ کے ارکان اور مدعوئین خصوصی کی مختلف مشاورتی نشستیں ہوگی جن میں بورڈ کی مختلف کمیٹیوں کی رپورٹ بھی پیش ہوگی، اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا، خاص طریقہ پر تحفظ اوقاف کے سلسلے میں حکمت عملی پر غور و خوص ہوگا، چونکہ یہ اجلاس انتخابی اجلاس بھی ہے، اس لئے اس میں نئے ارکان کا انتخاب بھی ہوگا اور فوت شدہ ارکان کی خالی جگہوں کو پُر کیا جائے گا، ان شاء اللہ۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے انتیسویں اجلاس عام کے موقع پر عیدگاہ قدوس صاحب میں ایک عظیم الشان جلسہ بھی منعقد ہوگا، جس کا عنوان تحفظ شریعت و تحفظ اوقاف مقرر کیا گیا ہے، اس باوقار اجلاس میں بورڈ کے عہدیداروں ملت کی ممتاز شخصیت اور مختلف مسالک و مکاتب فکر کے ذمہ داران اور سربراھان کا خطاب ہوگا، اور ملت کو حوصلہ بخش پیغام بھی دیا جائے گا ، اندازہ ہیکہ اس اجلاس عام میں شہر گلستان بنگلور اور ریاست کرناٹک کے مختلف حصوں سے کئی لاکھ مسلمان شریک ہوکر اپنے قائدین سے استفادہ کریں گے، نیز اس اجلاس سے ملک و ملت کو اور حکومت کو مسلم پرسنل لاء سے جڑے ہوئے مسائل کے سلسلے میں متوجہ کیا جائے گا۔
بورڈ کے ذمہ داران نے بنگلورو سمیت ریاست بھر کے مسلمانوں سے گزارش کی ہے کہ اس اجلاس میں شریک ہوکر اپنی غیرت ایمانی اور حمیت دینی کا ثبوت دیں۔ اس موقع پر سہ رکن کمیٹی کے ارکان مفتی افتخار احمد قاسمی، مولانا محمد مقصود عمران رشادی، سلیمان خان صاحب ودیگر بھی شریک تھے۔